رواں سال کا سب سے بڑا اور روشن ’سپر مون‘ آج نمودار ہوگا

رواں سال کا سب سے بڑا اور روشن ’سپر مون‘ آج نمودار ہوگا

سال 2025  کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر نمودار ہوگا، جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

سپر مون اس وقت وجود میں آتا ہے جب مکمل چاند کے دوران چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے قریب ترین فاصلے پر پہنچ جاتا ہے، اس منفرد واقعے میں چاند معمول کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہوگا جو اپنے حجم اور روشنی میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ نظر آئے گا، آج شام 6 بج کر 19 منٹ پر یہ چاند اپنی روشنی کے عروج پر ہوگا اور زمین سے قریب تر پہنچ جائے گا، اس وقت چاند کا زمین سے فاصلہ 221,817 میل رہ جائے گا، جس کی وجہ سے چاند اپنے معمول کے حجم سے 9.7 فیصد تک بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں چاند طلوع ہونے کے فوری بعد ہی اسے بہترین طریقے سے دیکھا جاسکے گا، یہ قدرتی منظر نہ صرف سائنس کے شائقین بلکہ عام شہریوں کیلئے بھی برابر دلچسپی کا باعث ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہے، جس کا اگلا نظارہ دسمبر میں کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : رواں سال کا پہلا سپر مون آج ، کیا پاکستان میں دیکھا جا سکے گا؟

ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں موسم سرما کے صاف آسمان کے باعث یہ نظارہ اور بھی واضح ہوگا، شہروں سے دور، کم روشنی والے علاقوں میں یہ نظارہ سب سے بہتر ہوگا، سپر مون کی یہ جھلک نہ صرف فلکیاتی اعتبار سے اہم ہے بلکہ عوام کیلئے بھی ایک دلکش نظارہ پیش کرے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوری 2026 کا پہلا فل مون بھی سپر مون ہوگا، تاہم وہ 2025 کے سلسلے میں شمار نہیں کیا جائے گا، عموماً سال میں 3 سے 4 سپر مون نمودار ہوتے ہیں۔

editor

Related Articles