کواکورلی سائمنڈز (کیو ایس) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگزایشیا 2026 میں پاکستان کی 8 جامعات نے بھی جگہ بنا لی ہے، جو ملک میں اعلیٰ تعلیمی سرگرمیوں اور شعبوں کے اعتبار سے بھرپور صلاحیت کی حامل ہیں۔ یہ رینکنگز ایشیا بھر کی جامعات کی تعلیمی شہرت، تحقیقی کارکردگی، فیکلٹی کے معیار اور بین الاقوامی روابط کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہیں۔
پاکستانی جامعات میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پی آئی ای اے ایس) نے سب سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 238ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ ’پیاس‘ سائنس اور انجینئرنگ کی تعلیم میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث ہمیشہ پاکستان کی نمائندگی کرتی رہی ہے۔
اس کے بعد ایئر یونیورسٹی اسلام آباد 328ویں جبکہ بحریہ یونیورسٹی کراچی 416ویں نمبر پر رہی۔ فہرست میں شامل پاکستانی جامعات پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) اسلام آباد نے238 واں درجہ حاصل کر کے نمایاں رہی۔
اسی طرح ایئر یونیورسٹی اسلام آباد نے 328 واں درجہ، جبکہ بحریہ یونیورسٹی کراچی نے 416 درجہ حاصل کیا، اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے 434 ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پتوکی نے 607، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ نے 614 درجہ حاصل کیا۔
اسی طرح یونیورسٹی آف سوات مینگورہ نے 761 تا جبکہ یونیورسٹی آف ساہیوال نے 951 واں درجہ حاصل کیا۔
’کیو ایس‘ رینکنگ کا طریقہ کار اور اہمیت
’کیو ایس‘ ایشیا یونیورسٹی رینکنگز 2009 سے ہر سال شائع کی جاتی ہیں اور انہیں ایشیا میں جامعات کی کارکردگی کا ایک معتبر پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔ 2026 کی رینکنگز میں ایشیا کی 1500 سے زیادہ تعلیمی ادارے شامل کیے گئے ہیں۔
یہ رینکنگ مختلف اشاریوں کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے جن میں اکیڈمک شہرت، عوامی رائے، فیکلٹی سے طالب علم کا تناسب، بین الاقوامی تحقیقی نیٹ ورک، فی مقالہ حوالہ جات، فی فیکلٹی تحقیقی مقالے، پی ایچ ڈی یافتہ عملہ، بین الاقوامی فیکلٹی و طلبا کا تناسب اور طلبا کے تبادلے کے پروگرام شامل ہیں۔
’کیو ایس‘ کے مطابق یہ تمام عوامل کسی یونیورسٹی کی علاقائی کارکردگی کے ساتھ اس کی عالمی حیثیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔
ایشیا کی سرفہرست جامعات
2026 کی رینکنگز میں ہانگ کانگ، چین اور سنگاپور کی جامعات نے برتری حاصل کی۔ یونیورسٹی آف ہانگ کانگ نے اس سال پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پیکنگ یونیورسٹی چین سے دوسرے نمبر پر رہی۔ نین یانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی(این ٹی یو) سنگاپوراور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور (این یو ایس) نے تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر حاصل کی۔
ایشیا کی سرفہرست 10 جامعات میں یونیورسٹی آف ہانگ کانگ نے درجہ اوّل، پیکنگ یونیورسٹی بیجنگ چین نے دوسرا، نین یانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سنگاپور نے تیسرا، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور سنگاپور نے بھی تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اسی طرح فوڈان یونیورسٹی شنگھائی، چین نے پانچویں پوزیشن ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 6 ویں، سٹی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کولون نے 7 ویں، چائنیز یونیورسٹی آف ہانگ کانگ نے بھی 7 ویں، تسنگ ہوا یونیورسٹی بیجنگ، چین نے 9 ویں اور ہانگ کانگ پولی ٹیکنک یونیورسٹی نے 10 ویں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی جامعات کی بڑھتی ہوئی علمی شناخت
تعلیمی ماہرین کے مطابق’کیو ایس‘ ایشیا یونیورسٹی رینکنگز 2026 میں 8 پاکستانی جامعات کی شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری آ رہی ہے، خاص طور پر سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیقی شعبوں میں۔ ’پیاس‘ کی مستقل موجودگی پاکستان کے’ایس ٹی ای ایم‘ ایجوکیشن کے عالمی معیار کا ثبوت ہے، جبکہ ایئر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی کی ترقی ملکی تعلیمی منظرنامے میں مثبت وسعت کی نشاندہی کرتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جامعات اب بین الاقوامی تحقیقی اشتراک اور فیکلٹی کی اعلیٰ اہلیت پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں، جس کی بدولت ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔
’کیو ایس‘ رینکنگز میں اس عالمی شناخت سے پاکستانی جامعات کے لیے مزید تحقیقی فنڈنگ، تعلیمی اشتراکات اور بین الاقوامی طلبا کو متوجہ کرنے کے مواقع بڑھنے کی امید ہے، جو مستقبل میں ملک کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے ایک مثبت سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔