گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کےلیے بڑی خبر

گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کےلیے بڑی خبر

کراچی میں جعلی، غیرقانونی اور ناقابل شناخت نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف پولیس نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔

حکام کے مطابق شہر بھر میں ایسی تمام گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں گاڑیوں کے مالکان کی شناخت اور نشاندہی کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع بھی کر دیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو بہتر بنانا اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنانا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جعلی یا ناقابل شناخت نمبر پلیٹس کے باعث نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ سنگین جرائم میں ملوث گاڑیوں کی شناخت بھی مشکل ہو جاتی ہے۔ اسی لیے کراچی بھر میں ایسی گاڑیوں کے خلاف خصوصی اور مربوط کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ شہریوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جعلی، غیرقانونی یا پوشیدہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور تمام کارروائیاں بلا امتیاز کی جائیں گی۔ ایڈیشنل آئی جی کے مطابق شہر کی سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قانون کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان خبردار ! حکومت کا بڑا اعلان

ترجمان پولیس نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 5 دسمبر تک اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس درست کرلیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی اور گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے وسیع تر مفاد میں اس مہم کو شروع کیا جارہا ہے اور تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

پولیس حکام نے مزید کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک قوانین کی بہتری کے لیے ضروری ہیں بلکہ شہر میں جرائم کی روک تھام میں بھی مدد فراہم کریں گے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اندر اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس قانونی شکل میں لے آئیں تاکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے بچ سکیں۔

Related Articles