پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے دیرینہ تنازع کے حل کے لیے 2 ریاستی حل کے نفاذ پر فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ دنیا اب صرف بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اقدامات سامنے آئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فلسطینی عوام کو درپیش مسلسل مصائب اور جاری انسانی بحران پوری انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر ایک’گہرا زخم‘ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہر معصوم جان کا ضیاع، ہر گھر کی تباہی اور ہر خاندان کا بے گھر ہونا عالمی برادری کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ وقت آ چکا ہے کہ وہ اخلاقی جرأت، انصاف اور ہمدردی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے‘۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان کے مطابق یہ حمایت فلسطینی قوم کے دیرینہ اور نامکمل خوابِ آزادی کی تکمیل تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور متحد موقف اختیار کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ فلسطین کے ساتھ یکجہتی محسوس کرنا یا اظہار کرنا کافی نہیں، بلکہ یہ جذبات انصاف، انسانی حقوق کے احترام اور دیرپا امن کی عملی کوششوں میں تبدیل ہونے چاہییں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں حقیقی اور پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق، ان کا اپنا آزاد اور خود مختار وطن ملے۔
بلاول بھٹو کا یہ بیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے انسانی حقوق کے مطالبات کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی طاقتوں پر 2 ریاستی حل کی بحالی کے لیے بڑھتا ہوا دباؤ موجود ہے۔