متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے اظہار لاتعلقی

متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے اظہار لاتعلقی

متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ   فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق متنازع بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق جاری پریس ریلیز میں متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور شہداءِ وطن کے حوالے سے کسی بھی توہین آمیز یا منفی بیان سے دینی مدارس، دینی وفاق اور تعلیمی بورڈز کا کوئی تعلق نہیں ۔

متحدہ مدارس کونسل نے کہا کہ ہم شہداءِ وطن کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی یکجہتی، امن اور استحکام کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ترجمان مدارس کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر میرمحمد آصف اکبر قادری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تمام دینی وفاقوں ، تعلیمی بورڈز، مدارس  کے مشترکہ نمائندہ پلیٹ فارم متحدہ مدارس کونسل کا جے یوآئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمن کی جانب سے پاک فوج اور کارگل کے شہدا کے حوالے سے دیے گئے بیانات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام دینی مدارس، مساجد، علماء، خطباء اور طلبہ ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔

خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ ہفتوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شدت پسندوں نے کئی حملے کیے ہیں جن میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

قبل ازیں 15 جولائی کو گوجرانوالہ کی ایک مقامی عدالت نے فضل الرحمان کے متنازع بیان سے متعلق درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 اگست تک جواب طلب کررکھا ہے۔

editor

Related Articles