فیفا ورلڈ کپ ، تاریخی کامیابی پر سپین میں جشن ، ارجنٹینا میں ہنگامے

فیفا ورلڈ کپ ، تاریخی کامیابی پر سپین میں جشن ، ارجنٹینا میں ہنگامے

فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں صفر سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی فٹبال کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ تاریخی کامیابی کے بعد اسپین بھر میں جشن کا سماں رہا جبکہ دوسری جانب ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں شکست کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے۔

اسپین کی فتح کے فوری بعد میڈرڈ، بارسلونا، سیویل، والنسیا اور دیگر شہروں میں لاکھوں شہری قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ شائقین نے آتش بازی کی، نعرے لگائے، ایک دوسرے کو گلے لگایا اور رقص کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ مختلف شہروں میں جشن کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

 یہ بھی پڑھیں :ارجنٹینا کو شکست ، اسپین 16 سال بعد دوسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چمپئن بن گیا

پیر کے روز اسپین کی قومی ٹیم امریکا سے وطن واپس پہنچی تو میڈرڈ ائیرپورٹ پر ہزاروں مداح اپنے ہیروز کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ٹیم کے کپتان روڈری ورلڈکپ ٹرافی ہاتھوں میں تھامے طیارے سے باہر آئے تو شائقین نے پرجوش نعروں سے ان کا استقبال کیا۔

دوسری جانب فائنل میں شکست کے بعد ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں حالات کشیدہ ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہزاروں شائقین ابتدا میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہنے کے لیے جمع ہوئے تاہم کچھ ہی دیر بعد مختلف مقامات پر جھڑپیں اور ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔

مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ اور بوتلیں پھینکیں جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس ، ربڑ کی گولیوں اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ جھڑپوں کے دوران درجنوں افراد زخمی ہوئے جبکہ کم از کم 15 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں :اسپین یا ارجنٹینا ! کون بنے گا فٹبال کا نیا بادشاہ ؟ فیصلہ اتوار کو ہوگا

مقامی میڈیا کے مطابق ہنگاموں میں سات پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دارالحکومت کی متعدد اہم شاہراہیں عارضی طور پر بند کردی گئیں۔

ادھر ارجنٹینا کے صدر خاویر میلی نے قومی ٹیم کے ورلڈکپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر قومی تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعطیل کی تاریخ کا تعین قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا نے 2022 کے ورلڈکپ میں فرانس کو شکست دے کر عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد بھی ملک بھر میں قومی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

editor

Related Articles