حکومت بلوچستان نے مہنگائی کے پیش نظر صوبے کے سرکاری ملازمین کے لیے 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ الاؤنس گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے تمام مستقل سرکاری ملازمین کو دیا جائے گا،الاؤنس کا حساب ملازمین کی موجودہ بنیادی تنخواہ (رننگ بیسک پے) کے 7 فیصد کے حساب سے کیا جائے گا، جس کے باعث مختلف گریڈز کے ملازمین کے لیے رقم مختلف ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس کو ماہانہ تنخواہ میں الگ سے شامل کرکے ادا کیا جائے گا، تاہم یہ ملازمین کی بنیادی تنخواہ کا مستقل حصہ نہیں بنے گا،محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اس الاؤنس پر مروجہ قوانین کے تحت انکم ٹیکس لاگو ہوگا اور تنخواہ کی ادائیگی کے وقت مقررہ ٹیکس کٹوتی کی جائے گی۔
حکومت بلوچستان کے مطابق مذکورہ الاؤنس ریٹائرمنٹ کے وقت پنشن، گریچوٹی یا دیگر مالی مراعات کے تعین میں شامل نہیں کیا جائے گا، جبکہ پنشن کا حساب اصل بنیادی تنخواہ کے مطابق ہی کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیر معمولی رخصت پر موجود ملازمین دورانِ چھٹی اس الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے، تاہم ڈیوٹی پر واپسی کے بعد قواعد کے مطابق الاؤنس بحال کر دیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں اور اکاؤنٹ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے ملازمین کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ریلیف کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔