آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کا نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انتخابات اب تین مراحل میں کرائے جائیں گے، نئے شیڈول کے مطابق مختلف ڈویژنوں میں پولنگ الگ الگ تاریخوں پر ہوگی جبکہ نتائج بھی مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں اینڈ کشمیر جسٹس غلام مصطفی مغل کے مطابق پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو پولنگ ہوگی دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر الیکشن 2 اگست کو ہوگا ان حلقوں کے ووٹرز 2 اگست کو اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں پونچھ ڈویژن میں 10 اگست کو انتخابات منعقد ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی انتظامی امور انتخابی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور شفاف منظم و پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ مرحلہ وار پولنگ سے انتخابی عمل کی نگرانی سکیورٹی انتظامات اور انتخابی عملے کی تعیناتی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ تمام ریٹرننگ افسران ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نئے انتخابی شیڈول کے مطابق اپنی تیاریاں مکمل کریں تاکہ ہر مرحلے میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ہر مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی مرحلے کے غیر سرکاری اور سرکاری نتائج جاری کیے جائیں گے جبکہ تمام انتخابی کارروائیاں الیکشن قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق انجام دی جائیں گی۔
سیاسی جماعتوں امیدواروں اور ووٹرز سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں، انتخابی مہم کو پرامن رکھیں اور جمہوری عمل کو کامیاب بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔