پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے واشنگٹن ڈی سی سے جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ امریکا میں منعقدہ بورڈ آف پیس اجلاس کے دوران پاکستان کوغیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستانی قیادت کی تعریف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے عالمی منظرنامے پر پاکستان ایک اہم اور مؤثر کھلاڑی کے طور پر سامنے آیا ہے، یہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا مظہر ہے، یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے جس انداز سے فلسطینی عوام کا مقدمہ عالمی فورمز پر پیش کیا، وہ قابل تحسین ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ، ایس سی او سمیت ہر فورم پر بھرپور انداز میں فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی۔
ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر موقف اختیار کیا کہ فلسطینی سرزمین پر حق فلسطینیوں کا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے، ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ نکات دراصل فلسطینی عوام کی دل کی آواز ہیں، یہ نکات ہر مسلمان کے لئے باعث اعزاز ہیں کہ پاکستان کی قیادت نے اس انداز میں ان کی ترجمانی کی۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی،دونوں رہنماؤں کی باڈی لینگویج باہمی اعتماد اور گرمجوشی کی عکاس تھی،یہ تمام پیشرفت پاکستان کے عالمی سطح پر مقام میں اضافے کی علامت ہے۔