ادارہ امور حرمین شریفین نے اعلان کیا ہےکہ مسجد نبوی ﷺ کے امام و خطیب شیخ علی الحذیفی منگل 26 مئی 9 ذی الحج 1447 ہجری کو عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے۔خطبہ حج کو حج کے اہم ترین رکن وقوف عرفہ کا مرکزی حصہ تصور کیا جاتا ہے جسے پوری دنیا میں خصوصی توجہ کے ساتھ سنا جاتا ہے۔
شیخ علی الحذیفی کا شمار عالم اسلام کے ممتاز قراء کرام میں ہوتا ہے۔ ان کی خوبصورت اور پرسوز تلاوت نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر میں معروف ہے۔ وہ کئی دہائیوں سے مسجد نبوی ﷺ میں امامت اور خطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ اس سے قبل مسجد قبا اور مسجد الحرام میں بھی امامت و خطابت کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :اے اللہ فلسطین کے دشمنوں کو تباہ و برباد کر دے ، خطبہ حج
خطبہ حج کی روایت اسلامی دنیا میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے اور ہر سال سعودی قیادت کی منظوری کے بعد کسی ممتاز عالم دین کو یہ ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔ گزشتہ برسوں میں شیخ صالح بن حمید، شیخ عبدالرحمن السدیس، شیخ سعد الشثری، شیخ بندر بلیلہ، شیخ یوسف بن محمد اور دیگر جید علمائے کرام خطبہ حج دے چکے ہیں۔
ان خطبات میں امت مسلمہ کے اتحاد، تقویٰ، رواداری، امن، اسلامی تعلیمات اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر خصوصی روشنی ڈالی جاتی رہی ہے۔
سعودی عرب میں آج سے ذی الحج کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔ سعودی حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 بروز بدھ منائی جائے گی۔ دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے اور حرمین شریفین میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔