بیورو آف امیگریشن نے پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں ایمرجنسی سفری دستاویز یعنی ای ٹی ڈی کے اجرا سے متعلق نئی شرائط اور ضابطہ کار جاری کردیا ہے، جس کے تحت شناخت اور سفری ریکارڈ کی مکمل تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ٹی ڈی کے اجرا کے عمل کو مزید سخت اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ جعلی دستاویزات اور غیر قانونی سفر کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی قومی شناخت، پاسپورٹ اور امیگریشن ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی ای ٹی ڈی جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستانی پاسپورٹ پر کتنے ممالک کا ویزا فری سفر کیا جاسکتا،نئی رینکنگ جاری
بیورو آف امیگریشن کے مطابق نادرا سے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق لازمی ہوگی جبکہ امپاس سسٹم کے ذریعے مشین ریڈ ایبل یا مینوئل پاسپورٹ کی توثیق بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر شناختی دستاویزات یا دیگر ریکارڈ میں کسی قسم کا تضاد پایا گیا تو معاملہ وزارت داخلہ کو بھیجا جائے گا جہاں درخواست گزار کی قومی حیثیت کی مزید تصدیق کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ای ٹی ڈی صرف انہی افراد کو جاری کیا جائے گا جن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تصدیق مکمل ہوچکی ہو تاہم اگر شناختی کارڈ کی تصدیق ہوجائے لیکن پاسپورٹ کی توثیق نہ ہوسکے تو مخصوص شرائط کے تحت ای ٹی ڈی جاری کیا جاسکتا ہے جبکہ دونوں دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

