محکمہ موسمیات نے عید تعطیلات کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 سے 31 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 26 مئی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، سکھر، نواب شاہ، دادو، جیکب آباد، کوئٹہ، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان اور دیگر میدانی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں پارہ 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔ کسانوں کو بھی فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ملک کے مختلف شہروں جن میں کراچی، حیدرآباد، بہاولپور، سرگودھا، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، میانوالی، اٹک، خانیوال، ساہیوال، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، ژوب، لسبیلہ، سبی اور تربت شامل ہیں، وہاں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔