فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں پہلی بار ہاف ٹائم انٹرٹینمنٹ شو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ایک نئی روایت ثابت ہوگا۔
فیفا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارائیں میڈونا، شکیرا اور بی ٹی ایس اس خصوصی ہاف ٹائم کنسرٹ کی مشترکہ ہیڈ لائن پرفارمنس دیں گی۔ یہ شو 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
فیفا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد فٹبال، موسیقی اور سماجی اثرات کو یکجا کر کے ایک عالمی اور متحدہ ثقافتی تجربہ فراہم کرنا ہے۔فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈونا، شکیرا اور بی ٹی ایس ایسے عالمی آئیکونز ہیں جن کی موسیقی سرحدوں اور نسلوں سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شو کرس مارٹن (کولڈ پلے) کی نگرانی میں ترتیب دیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ پرفارمنس فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کی حمایت کرے گی، جس کا مقصد دنیا بھر کے بچوں کے لیے تعلیم اور فٹبال کے مواقع بڑھانا ہے۔ اس مہم کے ذریعے 10 کروڑ ڈالر سے زائد عطیات جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق یہ شو فٹبال، اتحاد اور انسانی یکجہتی کا جشن ہوگا جو فائنل کے بعد بھی ایک یادگار اثر چھوڑے گا۔