اداکارہ مامیا شجفر نے افتخار عمر کے پوڈکاسٹ (Say It All) میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی، صحت کے مسائل اور شوبز انڈسٹری میں پیش آنے والے مبینہ ہراسانی کے واقعات پر کھل کر بات کی ہے۔
گفتگو کے دوران مامیا نے دعویٰ کیا کہ انہیں پاکستان میں اپنے کیریئر کے دوران ایک نہایت ناخوشگوار اداکاری کا تجربہ پیش آیا، جس میں ان کے مطابق اداکار ارسلان خان کا رویہ غیر پیشہ ورانہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ بعض افراد ان کے ساتھ حد سے زیادہ ذاتی رویہ اپنانے کی کوشش کرتے رہے، حالانکہ وہ اس قسم کے جسمانی میل جول میں کمفرٹیبل نہیں ہیں۔ مامیا کے مطابق انہوں نے واضح طور پر بتایا کہ وہ صرف پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنا پسند کرتی ہیں اور غیر ضروری جسمانی رابطے سے گریز کرتی ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایک موقع پر سیٹ پر صورتحال اس حد تک بڑھ گئی کہ ڈائریکٹر کو مداخلت کرنا پڑی اور دونوں کو کام پر توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ اختلاف رائے کے دوران معاملہ کشیدہ ہوا اور ان کے مطابق انہیں غیر مناسب رویے اور نازیبا الفاظ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔مامیا شجفر نے کہا کہ بعض مواقع پر انہیں غیر آرام دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے بار بار اپنی حدود واضح کیں۔
انہوں نے بعد میں انسٹاگرام پر وضاحت بھی دی کہ ان کا اشارہ اسی نام کے کسی دوسرے شخص کی طرف نہیں تھا جس سے غلط فہمی پھیل رہی تھی۔
گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی فلم لالی اور برلن فلم فیسٹیول میں اپنے کردار ’’زیبا‘‘ کے اثرات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کردار کی شدت ان کی ذہنی کیفیت پر دیر تک اثر انداز رہی۔اداکارہ نے اپنی صحت کے مسائل، خاص طور پر لیوپس بیماری، اور ذاتی شناخت سے متعلق مشکلات پر بھی بات کی۔