دبئی میں پاکستانی سفارتخانے نے پاسپورٹ کے درخواست گزاروں کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب پاسپورٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے پیشگی اپائنٹمنٹ بک کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند درخواست دہندگان اب کسی بھی روز دفتری اوقات میں قونصل خانے آ کر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
قونصل خانے کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے دوپہر ایک بجے کے درمیان پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ جمعہ کے روز یہ سہولت صبح 7 بجے سے صبح 11 بجے تک دستیاب ہوگی۔
قونصلیٹ نے واضح کیا کہ نظرثانی شدہ انتظامات کا مقصد درخواست دہندگان کو بغیر پیشگی شیڈولنگ کے پاسپورٹ خدمات تک براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔