سندھ حکومت کا مڈل کلاس کیلئے بڑا ریلیف، بجلی کے بل جتنی قسط پر سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان

سندھ حکومت کا مڈل کلاس کیلئے بڑا ریلیف، بجلی کے بل جتنی قسط پر سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان

سید مراد علی شاہ نے مڈل کلاس طبقے کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے کے لیے ایک اہم سولر منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اپنے موجودہ ماہانہ بجلی کے بل کے برابر قسط ادا کرکے سولر سسٹم حاصل کر سکیں گے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت نے عوام، خصوصاً مڈل کلاس طبقے کو مستقل ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک تاریخی سولر قسط منصوبہ تیار کیا ہے، اس منصوبے کے تحت صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔

سولر سسٹم کیلئے کتنی رقم دینی پڑے گی؟

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شہری کا ماہانہ بجلی کا بل 25 ہزار روپے ہے تو وہ سولر سسٹم نصب کروا کر اتنی ہی رقم ماہانہ قسط کی صورت میں ادا کرے گا، اس طرح صارفین اپنے گھریلو اخراجات میں اضافے کے بغیر متبادل توانائی کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

قسطیں کتنی ہوں گی؟

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تین سے چار سال کے دوران قسطوں کی ادائیگی مکمل ہونے کے بعد صارفین بجلی کے بھاری بلوں سے مستقل نجات حاصل کر لیں گے اور انہیں طویل مدت تک نمایاں مالی فائدہ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں :گھروں کے لیے مفت سولر سسٹم منصوبے کی منظوری

وزیر اعلیٰ سندھ نے مڈل کلاس طبقے کے لیے سستے قرضوں کی خصوصی اسکیم متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا، جبکہ کراچی میں ایک جدید مالیاتی مرکز قائم کرنے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق سندھ حکومت اب چھوٹے منصوبوں کے بجائے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ کے بڑے منصوبے پر کام جاری ہے، جبکہ اس منصوبے کے حوالے سے چین کے ساتھ ابتدائی بات چیت بھی مکمل کی جا چکی ہے۔

editor

Related Articles