عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کے نرخوں میں اضافہ دیکھا گیا عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں جس کے بعد فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت کم ہو گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 14 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 100 ڈالر فی اونس پر آ گئی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اس کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ نیچے آ گئے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 1400 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 32 ہزار 436 روپے ہوگئی جبکہ دس گرام سونا 1200 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 70 ہزار 744 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے
واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعرات کو سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جب فی تولہ سونا 3600 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم آج کی کمی کے باوجود سونے کی قیمت اب بھی تاریخی بلند سطح کے قریب برقرار ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ چاندی 11 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 432 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جس سے چاندی میں سرمایہ کاری کرنے والوں اور زیورات خریدنے والوں کی توجہ بھی اس دھات کی جانب مبذول ہو رہی ہے۔
عالمی مالیاتی منڈیوں کی صورتحال، امریکی ڈالر کی قدر مرکزی بینکوں کی پالیسیوں، عالمی اقتصادی غیر یقینی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر مسلسل اثر انداز ہو رہے ہیں۔