وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے شروع کیا گیا میرا پیارا ورچوئل سینٹر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی بن گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے تحت منعقد ہونے والے عالمی فورم ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی (WSIS) میں اس منصوبے کو ای۔گورننس کیٹیگری کا عالمی چیمپئن قرار دیا گیا جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے بھی نمایاں عالمی اعزاز حاصل کیا۔
یہ اعزاز سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی فورم میں دیا گیا جہاں دنیا بھر سے جدید ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات کے نمایاں منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
پنجاب کے ان منصوبوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو مؤثر تیز اور آسان خدمات فراہم کرنے کے اعتراف میں عالمی سطح پر سراہا گیا۔
جنیوا میں منعقدہ تقریب میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں عالمی اعزازات وصول کیے۔ اس موقع پر پاکستان کے ڈیجیٹل گورننس ماڈل اور جدید پولیسنگ کے اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر خصوصی توجہ حاصل ہوئی۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق میرا پیارا ورچوئل سینٹر اب تک ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد کیسز پر کارروائی کر چکا ہے جبکہ اس پلیٹ فارم کی مدد سے 80 ہزار سے زائد گمشدہ بچوں اور افراد کو بحفاظت ان کے اہل خانہ سے ملوایا جا چکا ہے
حکام کے مطابق یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی ڈیجیٹل رابطے اور فوری رسپانس سسٹم کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسی طرح ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن خواتین کو گھر بیٹھے پولیس سے رابطہ، شکایات کے اندراج اور قانونی معاونت کی سہولت فراہم کر رہا ہے جس سے خواتین کی انصاف تک رسائی مزید آسان ہوئی ہے۔
ان منصوبوں کو عالمی سطح پر اعزازات ملنا نہ صرف پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اہم کامیابی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو عوامی خدمات میں مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔