وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واشک کے علاقے ماشکیل میں نہتے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کے قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید ہونے والے افراد صرف کسی ایک صوبے یا قومیت سے تعلق رکھنے والے مزدور نہیں تھے بلکہ وہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے اپنے بھائی تھے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ کسی ایک صوبے یا قومیت کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی وحدت، آئین اور ریاست پر حملہ ہے،انہوں نے کہا کہ آزادی کی نام نہاد تحریک کا لبادہ اوڑھنے والے دہشت گرد نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم عزائم واضح کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقصد کسی حق کی جدوجہد نہیں بلکہ خوف و ہراس پھیلانا، نفرت اور خونریزی کو فروغ دینا اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جبکہ پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔