پاکستان نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کل 13 جولائی کو قومی یومِ سوگ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سابق امیر قطر کے انتقال پر یومِ سوگ کا اعلان کیا گیا،حکومت پاکستان نے قطر کی حکومت، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ان کے انتقال پر قطر میں 4 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ان کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی ہے۔
شیخ حمد بن خلیفہ الثانی 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر رہے، ان کے دور میں قطر نے اقتصادی ترقی، عالمی سفارت کاری اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق امیر قطر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے قطر کی ترقی اور خطے میں امن کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی حکمت، بصیرت اور دور اندیشی نے قطر کو ایک جدید اور خوشحال ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔