بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے تیسری شادی کے بعد اپنے خاندان کو ایک ہی رہائشی منصوبے میں اکٹھا رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں اپنی دیرینہ دوست اور بزنس پارٹنر گوری سپراٹ کے ساتھ سادہ تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کی۔
تازہ رپورٹس کے مطابق عامر خان ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں ایک منفرد رہائشی منصوبہ تیار کر رہے ہیں، جہاں ان کے خاندان کے بیشتر افراد ایک ہی عمارت میں رہ سکیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس نامی دو ملحقہ عمارتوں کو ازسرنو تعمیر کیا جائے گا۔ عامر خان پہلے ہی بیلا وسٹا میں متعدد اپارٹمنٹس کے مالک ہیں جبکہ اس منصوبے پر وہ 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مختلف اپارٹمنٹس کو یکجا کر کے ایک بڑی اسکائی ولا تعمیر کی جائے گی، جس میں خاندان کے ہر فرد کے لیے الگ منزل مختص کرنے کا منصوبہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان کے بیٹے جنید خان کے لیے ایک مکمل فلور رکھا جائے گا، جبکہ عامر خان، ان کی اہلیہ گوری سپراٹ اور گوری کے بیٹے کے لیے دو منزلیں مختص کی جائیں گی۔
اس منصوبے میں عامر خان کی والدہ زینت حسین اور بہنیں نکہت خان اور فرحت خان بھی اسی عمارت میں رہائش اختیار کریں گی۔ رپورٹس کے مطابق سابقہ اہلیہ کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کے لیے بھی اسی رہائشی منصوبے میں ایک اپارٹمنٹ مختص کیے جانے کا امکان ہے۔