سرخ سیارے پر رنگوں کا جادو، مریخ کے آسمان میں نایاب بادلوں کا نظارہ

سرخ سیارے پر رنگوں کا جادو، مریخ کے آسمان میں نایاب بادلوں کا نظارہ

سرخ چٹانوں، گرد آلود میدانوں اور قدیم گڑھوں کے لیے مشہور سیارہ مریخ ایک بار پھر سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس بار وجہ مریخ کے آسمان پر نظر آنے والے رنگ برنگے بادل ہیں، جنہیں ناسا کے کیوریوسٹی روور نے پہلی بار تفصیل سے ریکارڈ کیا ہے۔

ناسا کے مطابق کیوریوسٹی روور نے اپنے ماسٹ کیم کیمروں کی مدد سے تقریباً 16 منٹ تک مریخ کے آسمان میں حرکت کرتے ہوئے ان نایاب بادلوں کی تصاویر اور ویڈیو ریکارڈ کیں۔ یہ بادل غروب آفتاب کے بعد نظر آتے ہیں اور بعض اوقات قوسِ قزح جیسے رنگ بکھیرتے ہیں، جسے سائنسدان آئریڈیسنٹ یا مدر آف پرل بادل کہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایپل اور اوپن اے آئی آمنے سامنے، خفیہ معلومات چوری کرنے کا الزام

ماہرین کے مطابق مریخ کے بادل پانی کی برف یا زیادہ بلندی اور انتہائی کم درجہ حرارت پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کی برف سے بنتے ہیں۔ چونکہ مریخ کی فضا کا 95 فیصد سے زیادہ حصہ کاربن ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہے، اس لیے رنگ بکھیرنے والے بادل بھی اسی برف سے تشکیل پاتے ہیں۔

یہ بادل مریخ کی سطح سے تقریباً 37 سے 50 میل کی بلندی پر بنتے ہیں، جہاں ان میں موجود برف کے ذرات تقریباً ایک ہی حجم کے ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بادلوں میں نظر آنے والے رنگ ذرات کے حجم میں ہونے والی تبدیلیوں کا پتا دیتے ہیں، جس سے بادلوں کی تشکیل اور ارتقا کو حقیقی وقت میں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گوگل اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا بیک اپ فیچر لا رہا ہے، کلاؤڈ کی ضرورت ختم؟

ماہرین کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ مریخ کے اس حصے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برف میں تبدیل ہونے کی توقع نہیں تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں فضا کسی نامعلوم وجہ سے غیر معمولی حد تک ٹھنڈی ہو رہی ہے۔ اس کی اصل وجہ اب بھی سائنسدانوں کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔

اس تحقیق کی قیادت کرنے والے ماہرِ فضائیات مارک لیمن کا کہنا ہے کہ پہلی بار رنگ برنگے بادل دیکھ کر انہیں لگا تھا کہ شاید یہ کیمرے کی خرابی ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ایک حقیقی قدرتی مظہر ہے۔ اب یہ بادل اتنی باقاعدگی سے نظر آتے ہیں کہ ناسا کی ٹیم پہلے سے ان کی نگرانی کا منصوبہ بنا لیتی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بظاہر خاموش اور بے رنگ دکھائی دینے والا مریخ درحقیقت ایسے منفرد فضائی مناظر پیش کر رہا ہے، جن کی مثال اب تک نظامِ شمسی کے کسی اور سیارے پر نہیں ملی۔

editor

Related Articles