صوبائی دارالحکومت لاہور کی مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے برائلر گوشت کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، نئے سرکاری نرخوں کے مطابق برائلر گوشت مزید 15 روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر میں سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوور چارجنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 483 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ برائلر زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 319 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 333 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہر بھر میں برائلر گوشت کی فروخت کے دوران دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمتیں جاری ہونے کے باوجود متعدد علاقوں میں دکاندار مقررہ نرخوں پر عمل نہیں کر رہے اور برائلر گوشت سرکاری قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ صارفین کو ناجائز منافع خوری سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے ، نئے سرکاری نرخوں کے مطابق فارمی انڈوں کی قیمت 234 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد روزمرہ استعمال کی اس بنیادی غذائی شے کی قیمت بھی مزید بڑھ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم صارفین کے لیے ضروری ہے کہ خریداری کے وقت سرکاری نرخ نامے سے آگاہ رہیں، جبکہ متعلقہ ادارے بھی مارکیٹ میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی جاری رکھیں تاکہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔