امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم بحری راستہ کھلا رہے گا، چاہے ایران اس میں شامل ہو یا نہ ہو ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی کرنے کا بھی اعلان کردیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل ٹروتھ پر اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے اور کھلی رہے گی، ایران کے ساتھ ہو یا اس کے بغیر،ٹرمپ نے کہا کہ بحال کی جانے والی ایرانی ناکہ بندی صرف ایران کے جہازوں یا ایران سے منسلک صارفین کو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے سے روکے گی، جبکہ دیگر ممالک کو اس راستے کے آزادانہ استعمال کی اجازت ہوگی۔
امریکی صدر نے اعلان کیا کہ امریکا اب سے آبنائے ہرمز کا محافظ کہلائے گا اور اس خطے میں بحری سلامتی اور تحفظ کی ذمہ داری ادا کرے گا،ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کے تحت امریکا کو اس مشن پر آنے والے اخراجات کے بدلے آبنائے ہرمز سے منتقل ہونے والے تمام کارگو پر 20 فیصد معاوضہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے اس انتہائی حساس اور کشیدہ خطے میں سلامتی یقینی بنانے کے لیے نئے نظام کی تشکیل اور طریقہ کار پر فوری کام شروع کیا جائے گا،ٹرمپ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ اس معاملے پر عمل درآمد کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے، اسی وجہ سے اس خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی توانائی مارکیٹ پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔