انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان پولیس محمد طاہر نے شعبان آپریشن کے فرنٹ لائن محاذ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کے ہمراہ جوانوں سے ملاقات کی ۔ ان کے بلند حوصلے کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں کامیابی کے لیے دعا کی۔
آئی جی بلوچستان پولیس نے محاذ پر موجود افسران اور اہلکاروں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان میں امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امن دشمن عناصر کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ انہیں بلوچستان پولیس کے شہداء پر فخر ہے اور ان کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے محاذ پر موجود جوانوں کے بلند حوصلے، عزم اور پیشہ ورانہ جذبے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے اور بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری فتنے کے خاتمے تک امن کا مشن پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔