بھارتی اداکار مزمل ابراہیم نے اداکارہ دپیکا پڈوکون سے متعلق اپنے پرانے انٹرویو کے وائرل کلپس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کو اصل تناظر سے ہٹا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
2025 میں ریکارڈ کیے گئے ایک انٹرویو کے چند حصے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوئے، جن میں مزمل ابراہیم نے دعویٰ کیا تھا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں دپیکا پڈوکون نے انہیں پروپوز کیا تھا، تاہم انہوں نے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
یہ کلپس وائرل ہونے کے بعد مزمل ابراہیم کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکار نے انسٹاگرام پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وائرل ہونے والی مختصر ویڈیوز پوری گفتگو کی نمائندگی نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق ایڈیٹنگ کی وجہ سے ان کے الفاظ کا اصل پس منظر اور احترام پر مبنی انداز نظر انداز ہو گیا۔
مزمل ابراہیم نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی ماضی کی زندگی سے وابستہ افراد کا احترام کرتے ہیں اور ان کے دل میں کسی کے لیے کوئی منفی جذبات نہیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسی انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ تعلق ختم ہونے کے بعد بھی ان کی اور دپیکا پڈوکون کی کبھی کبھار بات چیت ہوتی رہی، دونوں ایک دوسرے کو پیشہ ورانہ کامیابیوں پر مبارکباد دیتے تھے، تاہم دپیکا کی شادی کے بعد یہ رابطہ ختم ہو گیا۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2018 میں بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ سے شادی کی تھی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اس وقت اپنے دوسرے بچے کی آمد کے منتظر ہیں۔