پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے  نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری

آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں اہم اصلاحات پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ عالمی منڈی میں اچانک اتار چڑھاؤ کے اثرات کو مؤثر انداز میں سنبھالا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو مستقل اور قواعد پر مبنی نظام کے تحت فعال بنانے پر غور کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں شدید اضافے یا کمی کی صورت میں صارفین کو بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر عوامی سطح پر جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کا مقصد قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت بڑھانا اور مارکیٹ میں اعتماد پیدا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک اور بڑی کمی، مارکیٹ کا رخ ہی بدل گیا

 حکومت تیل کی سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے تاکہ درآمد  ذخیرہ  ترسیل اور فروخت کے پورے نظام کی مؤثر نگرانی ممکن ہو اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت پیٹرولیم کی قیمتوں کے لیے اصلاحات کمیٹی اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین پر غور کیا گیا مختلف آپشن پر تجاویز سامنے آئیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی تمام ممکنہ آپشن پر مشتمل اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ جن کی روشنی میں پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں تبدیلیوں پر بھی کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں مقامی ریفائنریوں کی استعداد بڑھانے اور ملک میں ڈیزل کی مقامی پیداوار میں اضافے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے کو بیرونی جھٹکوں سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر وزارتِ توانائی ایک جامع سفارشات مرتب کر رہی ہے جن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سپلائی کے استحکام ذخائر کے بہتر انتظام اور توانائی کے شعبے کی طویل المدتی پالیسی سے متعلق تجاویز شامل ہوں گی۔ ان سفارشات کی منظوری کے بعد حکومت مستقبل میں پیٹرولیم قیمتوں کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا سکتی ہے۔

editor

Related Articles