ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل ایک منفرد یادگاری منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فائنل میچ میں استعمال ہونے والی اصل گھاس کے ٹکڑے شائقین کو فروخت کیے جائیں گے۔
فیفا کے مطابق فائنل کے اختتام پر پچ کی قدرتی گھاس کو احتیاط سے محفوظ کیا جائے گا اور اسے خصوصی ایکرائلک کیسز میں پیک کرکے فروخت کیا جائے گا۔ ہر ٹکڑے کے ساتھ اس کی اصلیت کی تصدیق کرنے والا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔
تنظیم نے ان یادگاری اشیا کی قیمتیں مختلف کیٹیگریز میں مقرر کی ہیں۔ شائقین 450، 900، 1200 اور 3000 امریکی ڈالر تک کے پیکیجز خرید سکیں گے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ ہر قیمت کی کیٹیگری میں صرف 2026 ٹکڑے فروخت کیے جائیں گے، جو 2026 ورلڈ کپ کی مناسبت سے علامتی تعداد رکھی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے سے فیفا کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد آمدن ہونے کی توقع ہے۔ کھیلوں کے ماہرین اسے عالمی کھیلوں کی تاریخ میں منفرد تجارتی اقدام قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد شائقین کو ایک یادگار تحفہ فراہم کرنے کے ساتھ ورلڈ کپ برانڈ کی تجارتی اہمیت کو مزید بڑھانا ہے۔
فیفا کے مطابق 3000 ڈالر والے مہنگے ترین پیکیج میں گھاس کے ٹکڑے کے علاوہ سونے کی نقاشی سے مزین یادگاری ٹکٹ، ورلڈ کپ کی منی فٹبال اور کرسٹل سے تیار کردہ ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل بھی شامل ہوگی، جس سے یہ پیکیج کلیکٹرز کے لیے مزید پرکشش بن جائے گا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل امریکا کی ریاست نیو جرسی کے نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس اسٹیڈیم میں عام طور پر امریکی فٹبال کے لیے مصنوعی گھاس استعمال کی جاتی ہے، تاہم فیفا نے ورلڈ کپ کے لیے عالمی معیار کے مطابق قدرتی گھاس بچھانے کا فیصلہ کیا ہے۔