بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں جس کے بعد اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں زمینی اور فضائی کارروائیاں کیں جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 126 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق کارروائیوں کا مقصد بلوچستان میں امن و امان کو یقینی بنانا دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں جدید انٹیلی جنس فضائی نگرانی اور زمینی فورسز کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے باعث ان کے نقل و حرکت کے راستے بھی محدود ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رہے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
سیکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔