نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
اس اقدام کے تحت اب شہری فزیکل شناختی کارڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں بھی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں موجود اپنے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ذریعے شناختی معلومات کی تصدیق کرا سکیں گے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بیرونِ ملک ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگرییشن اینڈ پاسپورٹس کے دفاتر میں پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری اس نئی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید اور آسان ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ سرکاری خدمات تک رسائی مزید مؤثر اور تیز بنائی جا سکے۔
نادرا نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ تک رسائی کا طریقہ کار بھی واضح کیا ہے۔ ادارے کے مطابق شہری پہلے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کریں، پھر ہوم پیج پر موجود ’’وویو ڈیجیٹل کارڈ‘‘ کا آپشن منتخب کریں۔ اس کے بعد ڈیجیٹل کارڈ کے بٹن پر کلک کرتے ہی ان کا ڈیجیٹل شناختی کارڈ موبائل اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، جسے پاسپورٹ کے حصول کے لیے شناخت کی تصدیق میں استعمال کیا جا سکے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی سہولت متعارف کرانے کا مقصد عوام کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کرنا اور مختلف سرکاری خدمات کے حصول کے عمل کو مزید آسان، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔