ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 9.26 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد برینٹ کروڈ 87.82 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیااسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 7.64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 82.49 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی کم ہونے کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اس بڑی کمی کے بعد پاکستان میں آئندہ قیمتوں کے تعین کے دوران پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ عالمی قیمتوں، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اوگرا کے فارمولے کے تحت کیا جائے گا۔