ہنڈائی کی ہائبرڈ گاڑیاں لاکھوں روپے مہنگی، نئی قیمتیں سامنے آگئیں

ہنڈائی کی ہائبرڈ گاڑیاں لاکھوں روپے مہنگی، نئی قیمتیں سامنے آگئیں

پاکستان میں ہائبرڈ گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے ایک ہی دن میں بڑی خبر سامنے آگئی ہے جہاں  ہنڈائی ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 15 فیصد سے زائد اضافہ کردیا گیا ہے. 

  دلچسپ بات یہ ہے کہ ہنڈائی نشاط موٹر نے اسی موقع پر محدود مدت کی آزادی پروموشنل آفر بھی متعارف کرادی ہے، جس کے تحت منتخب ہائبرڈ گاڑیوں پر صارفین کو قابلِ ذکر بچت مل سکتی ہے۔

ہنڈائی نشاط موٹر (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے ڈیلرز کو جاری کردہ سرکلر میں بتایا ہے کہ نئی قیمتیں 12 اگست 2026 سے نافذ ہوں گی۔ کمپنی کے مطابق قیمتوں میں یہ تبدیلی وفاقی بجٹ 2026-27 میں ٹیکس پالیسی میں ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں کی گئی ہے، جس کے تحت قابلِ اطلاق گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھا کر 25 فیصد کردیا گیا ہے۔

ہنڈائی ہائبرڈ گاڑیوں کی نئی قیمتیں کتنی ہوگئیں؟

نئی قیمتوں کے تحت ہنڈائی ایلانٹرا ہائبرڈ کی پری بجٹ ایکس فیکٹری قیمت 98 لاکھ 95 ہزار روپے تھی، جو اب بڑھ کر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے ہوگئی ہے ،  اس طرح اس ماڈل کی قیمت میں 15 لاکھ 5 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح ٹکسن ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی قیمت 1 کروڑ 12 لاکھ 20 ہزار روپے سے بڑھ کر 1 کروڑ 29 لاکھ 26 ہزار روپے ہوگئی ہے،  اس ماڈل کی قیمت میں 17 لاکھ 6 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے۔

ٹکسن ہائبرڈ سگنیچر AWD بھی مہنگی ہوگئی ہے،  اس کی پری بجٹ ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 22 لاکھ 40 ہزار روپے تھی، جو اب 1 کروڑ 41 لاکھ ایک ہزار روپے ہوگئی ہے۔ یعنی صارفین کو 18 لاکھ 61 ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

سانتا فے ہائبرڈ کی قیمت میں سب سے بڑا جھٹکا

ہنڈائی کے بڑے ہائبرڈ ماڈلز میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جہاں  سانتا فے ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی قیمت 1 کروڑ 26 لاکھ 50 ہزار روپے سے بڑھ کر 1 کروڑ 45 لاکھ 74 ہزار روپے ہوگئی ہے،  اس ماڈل کی قیمت میں 19 لاکھ 24 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب سانتا فے ہائبرڈ سگنیچر AWD کی پری بجٹ قیمت 1 کروڑ 39 لاکھ 95 ہزار روپے تھی، جو نئی قیمت کے تحت 1 کروڑ 61 لاکھ 23 ہزار روپے ہوگئی ہے ،  یوں یہ ماڈل 21 لاکھ 28 ہزار روپے مہنگا ہوا، جو فہرست میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گاڑی خریدنے کا ارادہ ہے تو جلد بازی سے بچیں، بجٹ کے مطابق درست انتخاب کریں

کمپنی کے مطابق مجموعی طور پر نئی قیمتیں پری بجٹ ایکس فیکٹری قیمتوں کے مقابلے میں تقریباً 15.2 فیصد زیادہ ہیں۔ اس اضافے کا براہِ راست اثر ان صارفین کے بجٹ پر پڑے گا جو ہائبرڈ گاڑی خریدنے کے لیے نئی قیمتوں کے اعلان کے منتظر تھے۔

آزادی آفر کیا ہے ؟ 

صارفین کو قیمتوں میں جھٹکا دینے کے بعد ہنڈائی نشاط موٹر نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر منتخب ماڈلز کے لیے خصوصی آزادی پروموشنل آفر  بھی متعارف کرائی ہے جو کہ 31 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔

آفر کے تحت ایلانٹرا ہائبرڈ کی نئی عارضی قیمت 1 کروڑ 14 لاکھ روپے کے مقابلے میں ڈسکاؤنٹ شدہ ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 7 لاکھ 61 ہزار روپے رکھی گئی ہے،  اس طرح صارف کو 6 لاکھ 39 ہزار روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

ٹکسن ہائبرڈ اسمارٹ FWD کی نئی عارضی قیمت 1 کروڑ 29 لاکھ 26 ہزار روپے ہے، جبکہ آفر کے تحت اس کی ڈسکاؤنٹ شدہ ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 22 لاکھ 2 ہزار روپے ہوگی۔ صارفین کو اس ماڈل پر 7 لاکھ 24 ہزار روپے کی بچت ملے گی۔

ٹکسن اور سانتا فے پر کتنی بچت ہوگی؟

ٹکسن ہائبرڈ سگنیچر AWD کی نئی عارضی قیمت 1 کروڑ 41 لاکھ ایک ہزار روپے ہے، جبکہ ڈسکاؤنٹ کے بعد ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 33 لاکھ روپے رہ جائے گی،  اس حساب سے صارف 8 لاکھ ایک ہزار روپے بچا سکے گا۔

سانتا فے ہائبرڈ اسمارٹ FWD پر ریلیف اس سے بھی زیادہ ہے،  اس کی نئی عارضی قیمت 1 کروڑ 45 لاکھ 74 ہزار روپے کے مقابلے میں ڈسکاؤنٹ شدہ ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 32 لاکھ 58 ہزار روپے ہوگی۔ یعنی صارف کو 13 لاکھ 16 ہزار روپے کی بچت حاصل ہوگی۔

سب سے مہنگے سانتا فے ہائبرڈ سگنیچر AWD پر بھی نمایاں رعایت دی گئی ہے۔ نئی عارضی قیمت 1 کروڑ 61 لاکھ 23 ہزار روپے کے مقابلے میں ڈسکاؤنٹ شدہ ایکس فیکٹری قیمت 1 کروڑ 47 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگی۔ اس ماڈل پر صارفین کو 14 لاکھ 3 ہزار روپے کی بچت ملے گی۔

قیمت لاک کی سہولت بھی اہم

ہنڈائی نشاط موٹر کے مطابق جو صارف اہل گاڑی کی بکنگ مکمل ادائیگی کے ذریعے کرے گا، اسے پروموشنل مدت کے دوران گاڑی کی ایکس فیکٹری قیمت کا پرائس لاک بھی حاصل ہوگا،  یہ سہولت 31 اگست 2026 تک جاری رہنے والی آفر کے دوران دستیاب ہوگی۔

کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہنڈائی کی جانب سے معمول کی بنیاد پر کیا گیا آزادانہ اضافہ نہیں بلکہ حکومتی نئی ٹیکس پالیسی کے اثرات کا نتیجہ ہے۔

خریداروں کے لیے اصل سوال کیا ہے؟

ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی صارفین پہلے ہی گاڑیوں کی مجموعی لاگت، ٹیکسز اور فنانسنگ کے بڑھتے ہوئے بوجھ کا سامنا کر رہے ہیں ، نئی قیمتیں یقینی طور پر ان افراد کے لیے مشکل پیدا کرسکتی ہیں جو ہنڈائی کی ہائبرڈ لائن اپ میں گاڑی خریدنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں :انتہائی کم قیمت اور جدید فیچرز، بی وائے ڈی نے نئی چھوٹی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

 31 اگست تک جاری آزادی آفر فوری خریداری کا ارادہ رکھنے والے صارفین کے لیے کچھ فرق ضرور پیدا کرسکتی ہے ، خاص طور پر سانتا فے ہائبرڈ ماڈلز پر 13 لاکھ 16 ہزار روپے سے 14 لاکھ 3 ہزار روپے تک کی بچت قابلِ توجہ ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ نئی ٹیکس پالیسی کے بعد دیگر گاڑی ساز کمپنیاں بھی اپنی قیمتوں میں اسی نوعیت کی تبدیلی کرتی ہیں یا نہیں ؟  اگر مزید برانڈز نے قیمتیں بڑھائیں تو پاکستان کی نئی گاڑیوں کی مارکیٹ میں آنے والے دنوں کے دوران قیمتوں اور صارفین کی خریداری کے رجحان پر نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔

editor

Related Articles