پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی اور اپنی زندگی کے تجربات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں جو کچھ ہوا وہ پہلے سے طے تھا اور انہوں نے اس کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔
نور بخاری گزشتہ تین دہائیوں سے شوبز سے وابستہ رہی ہیں اور فلموں کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بھی کام کرچکی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے اپنی زندگی اسلام کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کیا، تاہم وہ اب بھی سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران نور بخاری نے عون چوہدری سے اپنی شادی اور دوبارہ ساتھ آنے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ عون چوہدری سے دوبارہ شادی کا فیصلہ انہوں نے پہلے سے نہیں کیا تھا بلکہ ان کے مطابق یہ سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے مقدر میں لکھا ہوا تھا۔
نور بخاری کا کہنا تھا کہ شاید دونوں کے دل میں ایک دوسرے کے لیے محبت موجود تھی، اسی لیے حالات انہیں دوبارہ ایک دوسرے کے قریب لے آئے۔ سابق اداکارہ نے بتایا کہ ان کی اور عون چوہدری کی ایک بیٹی بھی ہے اور یہ تعلق بھی دونوں کے دوبارہ ایک ساتھ آنے کی ایک وجہ بنا۔
نور بخاری کے مطابق جب انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو اسی دوران اللہ تعالیٰ نے عون چوہدری کے دل میں بھی دوبارہ ساتھ آنے کا خیال پیدا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب دونوں کے چار بچے ہیں اور وہ اپنی زندگی میں خوش ہیں۔ نور بخاری نے اپنی زندگی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسان بہت سے فیصلے اپنی مرضی سے کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن آخرکار زندگی میں وہی ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے مقرر کیا ہوتا ہے۔