جاپان میں تاریخی جیل کی انوکھی تبدیلی، کوٹھڑیاں لگژری سوئٹس بن گئیں

جاپان میں تاریخی جیل کی انوکھی تبدیلی، کوٹھڑیاں لگژری سوئٹس بن گئیں

جاپان میں 118 سال پرانی تاریخی جیل کو منفرد انداز میں لگژری ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا، جہاں اب مہمان قیدیوں کی سابقہ کوٹھڑیوں میں پرتعیش قیام کا تجربہ حاصل کرسکتے ہیں۔

نارا شہر میں واقع اس تاریخی عمارت کو ’’ہوشینویا نارا پرزن‘‘ کے نام سے لگژری ہوٹل کی شکل دی گئی ہے۔ یہ جیل 1908 میں تعمیر کی گئی تھی اور 2017 تک نوجوان قیدیوں کے لیے استعمال ہوتی رہی۔

تاریخی اہمیت کے باعث اس عمارت کو جاپان کے اہم ثقافتی ورثے میں شمار کیا جاتا ہے۔ ہوٹل میں تبدیل کرنے کے دوران عمارت کی اصل شناخت اور جیل کے تاریخی طرز تعمیر کو بڑی حد تک برقرار رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چوری شدہ فون اب ڈھونڈنا آسان، 65 سالہ شخص کی دلچسپ ایجاد

میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً 500 سابق جیل سیلز کو 48 لگژری سوئٹس، ریسٹورنٹ اور دیگر ہوٹل سہولیات میں تبدیل کیا گیا ہے۔ سابق جیل سیلز میں اب آرام دہ بیڈ روم، لاؤنج، ڈائننگ ایریا، کافی اسٹیشن، منی بار، واک اِن کلوزٹ اور جدید باتھ روم سمیت مختلف سہولیات موجود ہیں۔

کچھ سوئٹس میں پرانے دور کی یاد تازہ رکھنے کے لیے سی ڈی اور کیسٹ پلیئر بھی رکھے گئے ہیں، جبکہ مہمانوں کو نارا پریفیکچر میں تیار کی جانے والی مختلف روایتی دستکاری اشیا تحفے میں دی جاتی ہیں۔

اس تاریخی جیل کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کا مقصد صرف سیاحوں کو منفرد تجربہ فراہم کرنا نہیں بلکہ تاریخی عمارت کے تحفظ اور دیکھ بھال کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دینا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کی مہنگی ترین آئس کریم، ایک سرونگ کی قیمت 19 لاکھ پاکستانی روپے

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوٹل میں ایک رات کے قیام کی قیمت کمرے کی نوعیت کے حساب سے تقریباً 317 سے 1,114 امریکی ڈالر تک ہے، جبکہ مہمانوں کے لیے 9، 10 اور 11 سابقہ جیل سیلز پر مشتمل مختلف سوئٹس دستیاب ہیں۔

یوں ایک صدی سے زائد پرانی جیل جہاں کبھی قیدیوں کو رکھا جاتا تھا، آج سیاحوں کے لیے ایک منفرد اور مہنگا لگژری قیام گاہ بن چکی ہے۔

editor

Related Articles