اے ٹی ایم کا حیران کن کارنامہ ، ایک ہزار کی ٹرانزیکشن پر دو ہزار روپے نکلنے لگے

اے ٹی ایم کا حیران کن کارنامہ ، ایک ہزار کی ٹرانزیکشن پر دو ہزار روپے نکلنے لگے

مصر کے ایک گاؤں میں اے ٹی ایم کی تکنیکی خرابی نے شہریوں کو حیران کردیا جہاں مشین سے ایک ہزار مصری پاؤنڈ کی رقم نکلوانے کی درخواست کرنے والے صارفین کو غلطی سے دو ہزار پاؤنڈ موصول ہونے لگے۔

غیر معمولی صورتحال کی خبر علاقے میں تیزی سے پھیل گئی جس کے بعد متعدد افراد نے اے ٹی ایم کا رخ کیا تاہم بعد میں اضافی رقم واپس کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔

 یہ بھی پڑھیں :تکنیکی خرابی کیوجہ سے اگر اے ٹی ایم میں پیسے پھنس جائیں تو کیا کریں؟

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مصر کی بینی سیف گورنریٹ کے ضلع احناسیہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ ایک شہری نے معمول کے مطابق اے ٹی ایم سے ایک ہزار مصری پاؤنڈ نکالنے کی کوشش کی تاہم مشین نے اسے مقررہ رقم کے بجائے دو ہزار پاؤنڈ ادا کردیے۔ شہری کے لیے یہ صورتحال اس وقت مزید حیران کن ہوگئی جب اے ٹی ایم کی اسکرین پر درج رقم اور ہاتھ میں آنے والی رقم میں واضح فرق سامنے آیا۔

واقعے کی اطلاع علاقے میں پھیلنے کے بعد متعدد دیگر شہری بھی اسی اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے لیے پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تکنیکی خرابی صرف ایک صارف تک محدود نہیں رہی بلکہ کئی ٹرانزیکشنز کے دوران صارفین کو ان کی درخواست کردہ رقم سے زیادہ نقد رقم ملتی رہی۔

رہائشی احمد جمال نے اس غیر معمولی واقعے کے بارے میں آن لائن معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اے ٹی ایم سے ایک ہزار پاؤنڈ کی رقم طلب کرنے والے صارفین کو دو ہزار پاؤنڈ مل رہے تھے۔ اس اطلاع کے بعد گاؤں میں اے ٹی ایم کی خرابی کی خبر تیزی سے پھیل گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد مشین کے قریب پہنچنے لگی۔

 یہ بھی پڑھیں :خبردار ! کہیں آپکے اے ٹی ایم کارڈ کا پن یہ تو نہیں ؟ فوراً بدل لیں

تاہم واقعے کے بعد صورتحال کا رخ اس وقت بدل گیا جب شہریوں سے اپیل کی گئی کہ جن افراد کو اے ٹی ایم کی خرابی کے باعث مقررہ رقم سے زیادہ نقد رقم ملی ہے وہ اضافی رقم متعلقہ بینک کو واپس کردیں۔ اطلاعات کے مطابق متعدد افراد نے اس اپیل پر عمل کرتے ہوئے اضافی رقم واپس کرنا شروع کردی۔

اے ٹی ایم میں نقد رقم رکھنے اور مشین کی دیکھ بھال سے متعلق ذمہ دار کمپنی کے ایک ملازم کو بھی اس معاملے کے بعد سروس سے ہٹا دیا گیا۔ متعلقہ مشین کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تاکہ تکنیکی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے اور مسئلے کو درست کیا جاسکے۔

editor

Related Articles