اشتیاق احمد کا مشہور کردار انسپکٹر جمشید اب سنیما میں,پہلا ٹریلر جاری

اشتیاق احمد کا مشہور کردار انسپکٹر جمشید اب سنیما میں,پہلا ٹریلر جاری

پاکستان کے معروف جاسوسی ناول نگار اشتیاق احمد کے مقبول کردار انسپکٹر جمشید پر بنائی گئی فلم ’آئی جے‘ کا پہلا ٹریلر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

سپنس، تھرل، جاسوسی اور پراسراریت سے بھرپور فلم ’آئی جے‘ میں اشتیاق احمد کے تخلیق کردہ مشہور کردار انسپکٹر جمشید کو ناول کے صفحات سے نکال کر بڑے پردے پر پیش کیا گیا ہے۔ فلم کے لیے اشتیاق احمد کے ایک ناول کی پیچیدہ اور پراسرار کہانی کو بنیاد بنایا گیا ہے، جس میں ایک ایسے کیس کی تفتیش دکھائی گئی ہے جس کی گتھیاں سلجھانا آسان نہیں۔

فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد عدنان بٹ کے مطابق انسپکٹر جمشید جیسے منفرد کردار کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنا اس منصوبے کا بنیادی مقصد تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جین زی کو ایسا کردار دکھانا چاہتے ہیں جو کبھی ناول کے صفحات پر مقبول تھا اور اب ڈیجیٹل دور میں نئی شکل کے ساتھ سامنے آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سشمیتا سین نے شادی کے سوال پر مداح کو دلچسپ جواب دے دیا

فلم کے ہدایتکار فہد نور نے کہا کہ اصل چیلنج فلم کو بڑا بنانا نہیں بلکہ یہ طے کرنا تھا کہ کہانی کا کون سا حصہ ناظرین کے سامنے لایا جائے اور کون سا راز برقرار رکھا جائے۔ فہد نور کے مطابق انسپکٹر جمشید کی کہانی کی خاص بات اس کے سراغ، حقیقی خطرات اور مسلسل بڑھتا ہوا تجسس ہے۔

فلم میں خان رحمان کا کردار ادا کرنے والے آصف رضا میر کا کہنا ہے کہ ٹریلر ناظرین کو تمام سوالات کے جواب نہیں دیتا بلکہ انہیں کہانی پر مزید غور کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ فلم میں عمیر رانا انسپکٹر جمشید جبکہ احد رضا میر بہزاد کے کردار میں نظر آئیں گے۔ دیگر کاسٹ میں فرحان طاہر، ظفر برکی، آصف رضا میر، انوشے عباسی بطور مسز جمشید اور جد حدید شامل ہیں۔

’آئی جے‘ کی شوٹنگ متحدہ عرب امارات میں کی گئی ہے، جبکہ فلم کے ایکشن سیکوئنس جارج کربی نے ڈائریکٹ کیے ہیں، جو ’گیم آف تھرونز‘ اور مارول کے پروجیکٹس میں بھی ایکشن سیکوئنس پر کام کرچکے ہیں۔

editor

Related Articles