نیپال میں شدید سیلاب کے دوران ایک اسکول پرنسپل کی حاضر دماغی اور بروقت فیصلے نے 1,643 بچوں کو ممکنہ بڑے سانحے سے بچا لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکول پرنسپل راجندر دادابی نے علاقے میں سیلاب کی صورتحال بگڑتے دیکھ کر خطرے کا اندازہ لگایا اور فوری طور پر اسکول میں موجود بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ سیلاب کا خطرہ بڑھنے کے وقت تقریباً 900 بچے اسکول کی عمارت میں موجود تھے جبکہ 700 سے زائد بچے اسکول بسوں اور راستے میں تھے۔
پرنسپل نے تاخیر کیے بغیر تمام بچوں کو بلند اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے راستے میں موجود اسکول بسوں کو بھی فوری طور پر واپس بلانے کا حکم دیا۔ بچوں کے محفوظ مقام پر پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد سیلابی ریلے نے اسکول کی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اسے شدید نقصان پہنچا۔
تاہم پرنسپل کے بروقت فیصلے کے باعث اسکول میں موجود اور راستے میں آنے والے تمام 1,643 بچے محفوظ رہے۔ واقعے نے ثابت کردیا کہ قدرتی آفات کے دوران بروقت فیصلہ اور درست حکمت عملی قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔