وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کرغزستان میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا،افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان آنے والے مختلف ممالک کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے دستے کی سٹیڈیم میں آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کھڑے ہوگئے اور قومی دستے کو خراج تحسین پیش کیا۔
سٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا بھرپوراستقبال کیا اور قومی دستے کو داد دی،پاکستانی کھلاڑی ورلڈ نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے اور روایتی و ثقافتی کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ورلڈ نومیڈ گیمز وسطی ایشیا اور مختلف اقوام کے روایتی اور ثقافتی کھیلوں پر مشتمل بین الاقوامی مقابلے ہیں،ان کھیلوں میں کشتی، گھڑ دوڑ، تیر اندازی اور جانوروں کے شکار سے متعلق روایتی مقابلوں کے علاوہ مختلف ذہنی اور فکری کھیل بھی شامل ہیں،چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں جاری رہیں گے۔
کھیلوں کے انعقاد کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا اور روایتی کھیلوں کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔