چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورۂ ترکیہ کے دوران استنبول میں سعودی اور ترک اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استنبول میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، ترک وزیر دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور متعلقہ ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کے یہ روابط پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔
تینوں ممالک کے درمیان حالیہ رابطوں میں علاقائی امن و استحکام، مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔