اے آئی کی ایک تصویر نے کمپنی کی سی ای او کو مشکل میں ڈال دیا

اے آئی کی ایک تصویر نے کمپنی کی سی ای او کو مشکل میں ڈال دیا

امریکی ریاست مشی گن میں مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر جین اسمتھ کی ملازمت ختم ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جین اسمتھ مشی گن میں قائم فیملی فرسٹ کریڈٹ یونین کی صدر اور سی ای او تھیں۔ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ان کے خاندان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں سب نے ایسی سویٹ شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر ’لیک امریکا‘لکھا ہوا تھا۔

یہ تصویر دراصل حقیقی نہیں تھی۔ جین اسمتھ کے مطابق انہوں نے اپنے خاندان کی ایک عام تصویر کو چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے تبدیل کیا تھا اور سویٹ شرٹس پر ’لیک امریکا‘ کا جملہ ڈیجیٹل طور پر شامل کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان نے حقیقت میں ایسی کوئی سویٹ شرٹس نہ خریدی تھیں اور نہ ہی ہنی تھیں۔

یہ بھی پڑھیںٖ:ڈاکٹر سے گلوکارہ بننے کا سفر، چینی خاتون کی دلچسپ کہانی

جین اسمتھ نے یہ تصویر اپنے نجی فیس بک اکاؤنٹ پر اے آئی سے تبدیل شدہ ہونے کی وضاحت کے ساتھ شیئر کی تھی۔ تاہم ان کی بہن نے بعد میں تصویر کو عوامی طور پر دوبارہ شیئر کیا، لیکن اس بار اے آئی سے متعلق وضاحت موجود نہیں تھی۔ تصویر تیزی سے وائرل ہوگئی اور کئی افراد نے اسے حقیقی تصویر سمجھ لیا۔ خاص طور پر کینیڈا میں اس پر شدید تنقید سامنے آئی۔

’لیک امریکا‘کا حوالہ امریکی حکومت کی جانب سے جھیل اونٹاریو کے لیے’لیک امریکا‘ نام استعمال کرنے کی ہدایت سے متعلق تنازع کی طرف تھا۔ جین اسمتھ نے بعد میں وضاحت کی کہ ان کا مقصد کسی سیاسی بیان دینا نہیں بلکہ اس معاملے پر ہلکا پھلکا مذاق کرنا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت مزید حساس ہوگیا جب یہ تصویر 11 ستمبر کو سامنے آئی اور جین اسمتھ اپنے خاندان کے ساتھ کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس جانے والی تھیں۔آن لائن ردعمل بڑھنے کے بعد جین اسمتھ نے معذرت بھی کی اور کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ کینیڈا میں موجود لوگوں کو یہ تصویر کیوں ناگوار گزری۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جین اسمتھ نے آن لائن دھمکیوں کا بھی سامنا کیا، جس کے بعد خاندان نے اپنی 10 روزہ کینیڈا کی چھٹیاں مختصر کرکے واپس امریکا آنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ اکاؤنٹ محفوظ رکھنے کے لیے یہ غلطی ہرگز نہ کریں

بعد ازاں فیملی فرسٹ کریڈٹ یونین نے اعلان کیا کہ جین اسمتھ اب ادارے کی ملازم نہیں رہیں اور چیف آپریٹنگ آفیسر جیسن اکوسٹا کو عبوری سی ای او مقرر کردیا گیا ہے۔ ادارے نے یہ واضح نہیں کیا کہ اسمتھ نے استعفیٰ دیا یا انہیں برطرف کیا گیا، تاہم ادارے نے اس واقعے پر اپنے ارکان اور کمیونٹی سے معذرت کی۔

یہ واقعہ اس بات کی ایک مثال بن گیا کہ اے آئی سے تیار یا تبدیل کی گئی ایک تصویر، اگر اپنے اصل تناظر سے ہٹ کر پھیل جائے، تو کس طرح ذاتی مذاق سے ایک بڑے عوامی تنازع میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

editor

Related Articles