ڈاکٹر سے گلوکارہ بننے کا سفر، چینی خاتون کی دلچسپ کہانی

ڈاکٹر سے گلوکارہ بننے کا سفر، چینی خاتون کی دلچسپ کہانی

چین میں ایک 31 سالہ ڈاکٹر نے اچھی اور باعزت ملازمت چھوڑ کر اپنی زندگی کا رخ ہی بدل لیا۔ لیو زیان نے اسپتال کی نوکری چھوڑنے کے بعد فوڈ ڈیلیوری سمیت مختلف جز وقتی کام شروع کیے تاکہ موسیقی کے شعبے میں اپنا خواب پورا کرسکیں۔

لیو زیان کا تعلق چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ژوہائی سے ہے۔ انہوں نے میڈیسن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور ایک معروف اسپتال میں ماہر نفسیات اور محقق کے طور پر کام کیا۔

تعلیم اور کامیاب کیریئر

لیو زیان نے اپنی زندگی کے تقریباً 30 سال تعلیم اور قابلیت حاصل کرنے میں گزارے۔ ان کی پرورش چین کے ایک انتہائی مسابقتی تعلیمی ماحول والے صوبے ہیبئی میں ہوئی۔ انہوں نے سیچوان یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول میں تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں مکاؤ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔

یہ بھی پڑھیں:گلاب، چیری بلاسمز اور کروڑوں روپے، ٹرمپ کی وکیل کی شاہانہ شادی

2022 میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد انہیں ژوہائی کے ایک معروف اسپتال میں اچھی ملازمت مل گئی، لیکن کچھ عرصے بعد انہیں محسوس ہونے لگا کہ روایتی ملازمت ان کی زندگی کے خوابوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔

2سال تک فیصلہ کرنے میں الجھن

لیو زیان کے مطابق ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کرنا وہ زندگی نہیں تھی جس کی وہ خواہش رکھتی تھیں۔ تاہم ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا اور انہیں یہ قدم اٹھانے میں تقریباً دو سال لگ گئے۔ بالآخر فروری 2026 میں انہوں نے اسپتال کی ملازمت چھوڑ دی اور ایک نئے سفر کا آغاز کردیا۔

ڈاکٹر سے فوڈ ڈیلیوری ورکر تک

ملازمت چھوڑنے کے بعد لیو زیان نے پہلے سفر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ناشتہ فروخت کرنے کا کام شروع کیا اور مختلف ہوٹلوں میں گانے بھی گائے۔ اب وہ فوڈ ڈیلیوری سمیت مختلف جز وقتی کام کرتی ہیں اور ساتھ ہی جز وقتی طور پر ماہر نفسیات کے طور پر بھی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔

لیو زیان کا کہنا ہے کہ جز وقتی کام کرتے ہوئے آزاد زندگی گزارنے کا تجربہ ان کے لیے بہت اچھا رہا۔ انہیں اب ہر وقت اگلے دن کی منصوبہ بندی یا ماہانہ آمدنی کا حساب لگانے کی فکر نہیں رہتی۔

یہ بھی پڑھیں:سینے کا درد ہی ہارٹ اٹیک کی علامت نہیں، 10 نشانیاں جان لیں

والدین بھی آہستہ آہستہ مطمئن ہونے لگے

لیو زیان کے والدین کو ان کی پی ایچ ڈی اور ڈاکٹر کی حیثیت پر فخر تھا۔ ابتدا میں ان کے لیے بیٹی کا اچھی ملازمت چھوڑ کر مختلف جز وقتی کام کرنا سمجھنا مشکل تھا۔ تاہم لیو زیان کے مطابق وقت کے ساتھ ان کے والدین بھی ان کے فیصلے کو سمجھنے اور قبول کرنے لگے ہیں۔

اب لیو زیان کا خواب موسیقی کی دنیا میں اپنی شناخت بنانا ہے۔ وہ مستقبل میں فلم کے شعبے میں بھی قدم رکھنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ بعض اوقات ایک کامیاب کیریئر بھی انسان کو وہ اطمینان نہیں دے پاتا جس کی وہ اپنی زندگی میں تلاش کر رہا ہوتا ہے۔

editor

Related Articles