پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، عمان میں ورک پرمٹ کی نئی سہولت متعارف

پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، عمان میں ورک پرمٹ کی نئی سہولت متعارف

عمان نے غیر ملکی کارکنوں کے لیے خصوصی ورک پرمٹ سروس متعارف کروا دی ہے، جبکہ پنجاب سے ہنرمند پاکستانی کارکنوں کی آمد پر عائد پابندیوں میں نرمی کے امکانات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمان کی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ مخصوص پیشوں سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کارکن اب آن لائن خصوصی ورک پرمٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس اسکیم میں 9 پیشہ ورانہ گروپس کو شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس سہولت سے گھریلو ملازمین، بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، ڈرائیوروں، باغبانی سے وابستہ افراد، رہائشی سکیورٹی گارڈز اور گھریلو صحت کے معاونین سمیت مخصوص شعبوں کے کارکن فائدہ اٹھا سکیں گے۔

پاکستانی ہنرمندوں کے لیے بھی اہم پیش رفت

دوسری جانب عمان نے پنجاب سے ہنرمند کارکنوں کی آمد پر عائد پابندیوں میں نرمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تجویز پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق، مریم نواز شریف نے مسقط میں عمان کے وزیر برائے زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبسی سے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ملکی معیشت سے متعلق بڑی خوشخبری ،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا ریکارڈ بن گیا

ملاقات کے دوران زراعت، ماہی گیری، لائیو اسٹاک، آبی زراعت اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ عمانی وزیر نے ہنرمند کارکنوں کی مسلسل ضرورت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان مہارت اور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ ان کے مطابق تعمیرات، زراعت، آبی زراعت اور دیگر شعبوں میں پنجاب سے آنے والے ہنرمند کارکنوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

عمانی حکام نے پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہنرمند کارکنوں کی طلب سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔حکومت پنجاب کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، عمانی وزیر نے پاکستانی کارکنوں کی آمد پر عائد پابندیوں میں نرمی کی تجویز پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس پیش رفت سے عمان میں روزگار کے خواہش مند پاکستانی ہنرمندوں کے لیے نئے امکانات پیدا ہونے کی امید ہے، تاہم پابندیوں میں نرمی اور ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کے طریقہ کار سے متعلق حتمی تفصیلات کا انتظار ہے۔

editor

Related Articles