پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔ ڈیبیو میچ میں ان کے جارحانہ انداز اور دلکش شاٹس نے گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں معاذ صداقت نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز کیا اور اسی میچ میں اپنی پہلی نصف سنچری بھی اسکور کی۔
معاذ نے اپنے کیریئر کی دوسری ہی گیند پر سری لنکن فاسٹ بولر ایشان مالنگا کی آف اسٹمپ سے باہر پڑنے والی فل لینتھ گیند پر شاندار نو لک سکس لگایا۔ اس شاٹ کی خاص بات یہ تھی کہ گیند کو باؤنڈری کے پار بھیجتے ہوئے انہوں نے اسے دیکھنے کے لیے اپنا سر تک نہیں موڑا۔
نوجوان بلے باز نے اسی اوور میں ایک اور چھکا لگا کر اپنی جارحانہ بیٹنگ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کے منفرد شاٹس نے میچ میں جوش و خروش بڑھا دیا اور شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
معاذ صداقت کی اس کارکردگی کو ان کے اعتماد اور صلاحیتوں کا نمایاں مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اور دلکش چھکوں نے نوجوان کھلاڑی کو شائقین کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔