سوات میں یوم نجات کا جشن، محفل موسیقی کا انعقاد، نوشہرہ میں بھی آتش بازی، مردان میں بھی مٹھائیاں تقسیم،پاک فوج کے حق میں نعرے بازی

سوات میں یوم نجات کا جشن، محفل موسیقی کا انعقاد، نوشہرہ میں بھی آتش بازی، مردان میں بھی مٹھائیاں تقسیم،پاک فوج کے حق میں نعرے بازی

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ پر جشن منایا گیا، سوات میں محفل موسیقی کا انعقاد کیا گیا، نوشہرہ کے علاقے اضاخیل میں آتش بازی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جبکہ مردان میں ریلی کے شرکاء نے گورنر راج کی حمایت میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

سوات میں سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر حیدر علی خان کے حجرے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی خوشی میں موسیقی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے موسیقی پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

نوشہرہ کے علاقے اضاخیل میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سابق امیدوار ساجد اقبال ایڈووکیٹ کے حجرے میں یومِ نجات منایا۔ اس موقع پر کارکنوں نے زبردست آتش بازی کی اور ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق کا عزم، دہشت گردی کا خاتمہ اور عوام کا تحفظ، خیبر پختونخوا پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں دے دیں، محسن نقوی

دوسری جانب ضلع مردان میں سابق رکن صوبائی اسمبلی جمشید مہمند کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں، ذمہ داروں، کارکنوں اور علاقہ مکینوں نے ایمرجنسی کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کیا۔

ریلی کے شرکاء نے مٹھائیاں تقسیم کیں، آتش بازی کی اور تشکر کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی گئی، جبکہ فضا ’’پاکستان فوج زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔

Related Articles