صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کر لیے

صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کر لیے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل شام 6 بج کر 15 منٹ پر طلب کر لیے ہیں، جن میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق حکومتی اقدامات کی آئینی منظوری کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پارلیمانی کارروائی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگئی ہے، کیونکہ آئین میں دونوں اقدامات کی منظوری اور انہیں برقرار رکھنے کے لیے الگ الگ طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔

آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے اعلان اور آرٹیکل 234 کے تحت صوبے میں آئینی نظام چلانے میں ناکامی کی صورت میں اقدامات سے متعلق پارلیمانی منظوری کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہے۔

ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئینی تقاضے کیا ہیں؟

آئین کے آرٹیکل 232 کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے ایمرجنسی کے اعلان کو پارلیمنٹ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرنا ضروری ہے۔ اس شق کے تحت قومی اسمبلی اور سینیٹ کی منظوری کے لیے 10 روز کی مدت مقرر ہے، جبکہ اعلان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سامنے بھی پیش کیا جانا ضروری ہے۔

ایمرجنسی کے اعلان کو مقررہ آئینی طریقہ کار کے مطابق منظور نہ کیے جانے کی صورت میں اس کی قانونی حیثیت متاثر ہوسکتی ہے۔ اس لیے ایمرجنسی کے نفاذ کو برقرار رکھنے کے لیے آئینی تقاضوں کی تکمیل اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صوبے میں آئینی اقدامات، آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا، صوبائی اسمبلی کے اردگرد سیکیورٹی حصار

گورنر راج کے لیے کیا طریقہ کار مقرر ہے؟

آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت اگر کسی صوبے میں آئین کے مطابق حکومت چلانا ممکن نہ رہے تو صدر مملکت مخصوص آئینی اقدامات کرسکتے ہیں۔ ان میں صوبائی حکومت کے بعض یا تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لینا یا گورنر کو ان اختیارات کے استعمال کی ہدایت دینا شامل ہے۔

اس آرٹیکل کے تحت جاری اعلان کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے۔ مشترکہ اجلاس کی منظوری نہ ملنے کی صورت میں اعلان دو ماہ بعد مؤثر نہیں رہتا۔

آئینی طریقہ کار کے مطابق مشترکہ اجلاس قراردادوں کے ذریعے گورنر راج میں توسیع بھی کرسکتا ہے، تاہم ہر قرارداد کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دو ماہ کی توسیع دی جاسکتی ہے اور اس کی مجموعی مدت چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔

آرٹیکل 232 اور 234 میں کیا فرق ہے؟

آئین کے آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 234 کے تحت پارلیمانی منظوری کے طریقہ کار میں فرق ہے۔ آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے اعلان کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سامنے پیش کرنے کا تقاضا اور 10 روز کی مدت بیان کی گئی ہے، جبکہ آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کے اعلان کو مشترکہ اجلاس کے سامنے پیش کرنا اور اس کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔

اسی لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کیے جانے کا یہ مطلب نہیں کہ دونوں اقدامات سے متعلق قراردادوں پر اسی روز ووٹنگ بھی لازمی طور پر ہوگی۔ اس کا انحصار متعلقہ آئینی طریقہ کار اور پارلیمانی کارروائی پر ہوگا۔

سیاسی اختلافات کے تناظر میں پارلیمانی اجلاس اہم

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس ایسے وقت میں طلب کیے گئے ہیں جب خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ پر سیاسی اختلافات جاری ہیں۔

وفاقی حکومت ان اقدامات کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور انتظامی مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری قرار دیتی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف انہیں صوبائی خودمختاری اور منتخب حکومت کے اختیارات کے خلاف اقدام قرار دے رہی ہے۔

Related Articles