پنجابی موسیقی کے معروف گلوکار سدھو موسے والا کے کمسن بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے مداحوں کو اپنے پسندیدہ گلوکار کی یاد دلا دی۔
ویڈیو میں 2سالہ شبھ دیپ، جنہیں پیار سے ’چھوٹا سدھو‘ کہا جاتا ہے، اپنے مرحوم بھائی کا مشہور ’تھاپی‘ انداز اپناتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے اس انداز نے مداحوں کو جذباتی کر دیا اور سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی کہ سدھو موسے والا کی یادیں آج بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
یہ منظر 9 اکتوبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس وقت سامنے آیا، جب سدھو موسے والا کے ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ ہولوگرام ورلڈ ٹور کے افتتاحی کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شبھ دیپ کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
کیا ہے سدھو موسے والا کا مشہور ’تھاپی‘ انداز؟
سدھو موسے والا کا اسٹیج پر اپنی ران پر ہاتھ مارنے کا مخصوص انداز ان کی پہچان بن چکا تھا۔ ان کے کمسن بھائی کو اسی انداز کی نقل کرتے دیکھ کر مداحوں نے اسے گلوکار کی یادوں سے جڑا ایک جذباتی لمحہ قرار دیا۔
ہولوگرام ٹیکنالوجی سے اسٹیج پر واپس آئے سدھو موسے والا
اس کنسرٹ میں ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے سدھو موسے والا کی اسٹیج پر موجودگی کا تاثر دوبارہ تخلیق کیا گیا۔ شو میں گلوکار کی اصل آواز، سہ جہتی مناظر اور خصوصی اسٹیج ایفیکٹس شامل کیے گئے، تاکہ مداح ایک بار پھر ان کی پرفارمنس کا تجربہ کر سکیں۔
اسی موقع پر سدھو موسے والا کے مقبول گیت ’295‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں گلوکار کے محفوظ شدہ مناظر کے ساتھ ان کے اہل خانہ کی جھلکیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھ دیپ سنگھ سدھو تھا۔ انہیں 29 مئی 2022 کو بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع مانسا میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی وفات کے باوجود ان کے گیت اور منفرد انداز آج بھی مداحوں میں مقبول ہیں، جبکہ ان کے کمسن بھائی کی یہ ویڈیو ایک بار پھر گلوکار کی یادوں کو تازہ کر رہی ہے۔