آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، روٹی بھی مہنگی ، شہری پریشان

آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، روٹی بھی مہنگی ، شہری پریشان

ملک کے مختلف شہروں میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں ،  فیصل آباد، کوئٹہ اور لاہور میں آٹے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد جہاں گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے، وہیں روٹی کی قیمت بھی بڑھ گئی  جس سے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹ  کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں آٹے کی قیمت میں مزید 10 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک کلو آٹا 170 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے، آٹے کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی ضرورت کی اس اہم شے کی قیمت میں اضافے سے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوام پر ایک اور مہنگائی کا وار! مرغی، مٹن اور بیف کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے ، شہر میں آٹے کی 50 کلوگرام بوری کی قیمت بڑھ کر 8 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ،  آٹے کی مہنگائی کے اثرات اب روٹی کی قیمت پر بھی پڑنے لگے ہیں اور تندور مالکان نے روٹی کی قیمت بڑھا کر 60 روپے کردی ہے۔

 اس اضافے سے خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کے لیے روزمرہ خوراک کے اخراجات برداشت کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

ادھر صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں م شہر میں گندم 5 ہزار 450 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے، جبکہ 15 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 350 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح چکی کا آٹا 190 روپے فی کلوگرام میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سوشل میڈیا سے کمانے والوں کیلئے ایف بی آر کیجانب سے ٹیکس کا خصوصی طریقہ متعارف

آٹے اور گندم کی بڑھتی قیمتوں کے باعث شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،  عوام کا کہنا ہے کہ بنیادی غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

editor

Related Articles