صوبائی دارالحکومت لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت سرکاری نرخ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مٹن اور بیف بھی مقررہ قیمتوں سے کہیں زیادہ داموں فروخت ہو رہے ہیں، جس سے عام شہریوں کیلئے گوشت خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری طور پر مرغی کے گوشت کی قیمت 439 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 450 سے 455 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔
مٹن کی صورتحال اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہے جہاں سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں یہ 2400 سے 2800 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، یعنی سرکاری قیمت سے تقریباً دگنا۔
بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو ہے، مگر مارکیٹ میں شہریوں کو یہ 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔
دوسری جانب فرمی انڈوں کی سرکاری قیمت 260 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 270 روپے فی درجن تک پہنچ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر اشیاے ضروریہ کی طرح گوشت بھی اب غریب طبقے کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی ہو سکے۔