انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کے پی پولیس کی ذمہ داریاں دیگر صوبوں کی پولیس سے منفرد ہیں، پولیس شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کے حوصلے اور عزم کی مثال قائم کی ہے، شہدا کے ورثا سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہدا کے ورثا میں پلاٹس کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے لیے پلاٹس دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں پلاٹس کے لیٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس شہدا کے پیکج میں اضافے کے لیے بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ اپنے پیاروں کی قربانی دینے والے خاندانوں کی بہتر انداز میں مدد کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے ورثا کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنا ادارے کی ذمہ داری ہے اور پولیس ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا تھا کہ صوبے کی پولیس نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، خیبرپختونخوا میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی ذمہ داریاں دیگر صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں منفرد نوعیت کی ہیں، تاہم اہلکاروں نے مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔ پوری قوم نے خیبرپختونخوا پولیس کے عزم اور چٹان جیسے حوصلے کو تسلیم کیا ہے،امن اور خوشحالی کے لیے مزید کام کریں گے
ذوالفقار حمید نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے میں امن کے قیام اور خوشحالی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، بلکہ ان کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس اپنے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔