چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔
بجلی کی ترسیل متاثر
چترال میں بارش کے باعث بجلی کی ترسیل بھی جزوی طور پر معطل ہوگئی، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق چترال کی رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور آمدورفت جاری ہے۔ تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق چترال اور گردونواح میں بارش کا موجودہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔